یہ تو صرف انسدادی کارروائیاں تھیں، بہت جلد تنبیہی کارروائی شروع ہوگی: چیف آف اسٹاف

تہران/ ارنا- چیف آف اسٹاف میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج کی اب تک کی کارروائياں صرف انتباہی اور انسدادی تھیں اور بہت جلد تنبیہی آپریشنز کا آغاز ہوگا۔

میجر جنرل موسوی نے ایک ویڈیو پیغام کے دوران کہا ہے کہ صیہونی حکومت نے وحشیانہ جارحیت کا ارتکاب کرکے ایرانی عوام، خواتین، بچوں اور سن رسیدہ بے گناہ افراد کو نشانہ بنایا، بین الاقوامی قوانین کو نظر انداز کرتے ہوئے اور غزہ اور لبنان میں 300 صحافیوں کو قتل کرنے کے بعد، حقیقت کی آواز کو دبانے کے لیے ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر وحشیانہ حملہ کیا۔

انہوں نے زور دیکر کہا کہ ایران کے سرفراز عوام نے تاریخ کے ہر دور میں ثابت کیا ہے کہ ظلم اور جارحیت کے سامنے ہرگز سر خم نہیں کرتے اور صیہونی حکومت کے اس مجرمانہ اقدام کے سامنے بھی ڈٹے رہیں گے اور انہیں تباہ کن جواب بھی دیں گے۔

چیف آف اسٹاف موسوی نے زور دیکر کہا کہ ہمارے سائنسدانوں، کمانڈروں اور شہریوں کی شہادت، جارح قوتوں کو پشیمان کرنے کے ہمارے عزم میں مزید اضافہ کر دے گی۔

انہوں نے بتایا کہ مسلح افواج اور وزارت دفاع کی مدد سے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایئرواسپیس فورس اور ایئرڈیفنس کمان آپریشن کے صف اول میں کھڑے ہیں اور خدا کے فضل و کرم سے دشمنوں کے انتہائی حساس اور اہم اہداف پر کاری ضرب لگانے میں کامیاب بھی رہے ہیں۔

میجر جنرل موسوی نے صیہونی حکومت کے خلاف اب تک کی جوابی کارروائیوں کو محض انتباہی اور انسدادی کارروائی قرار دیا۔

انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ بہت جلد تنبیہی آپریشن کا سلسلہ شروع ہوجائے گا لہذا تل ابیب اور حیفا سمیت مقبوضہ سرزمینوں کے رہنے والوں کو انتباہ دیا جاتا ہے کہ ان علاقوں سے نکل جائیں اور اپنی جانوں کو نتن یاہو کے حیوانی ہوس پر قربان نہ کریں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف نے کہا کہ دنیا بھر کے حریت پسندوں کو اطمینان دلاتے ہیں کہ ملت ایران خدا کی مدد سے اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ شہیدوں کے خون کا بدلہ ضرور لیں گے۔ ان شاء اللہ

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .